الیکشن 2024 مذہبی طبقہ ۔۔۔ ہار ۔۔۔ جیت ۔۔۔ گذارشات ✒️ تحریر: مفتی مصطفی عزیز (سیرہ فیصل آباد)

الیکشن 2024 مذہبی طبقہ ۔۔۔ ہار ۔۔۔ جیت ۔۔۔ گذارشات

✒️ تحریر: مفتی مصطفی عزیز (سیرہ فیصل آباد) 


سیاست میں آنا ہی جیت ہے

مذہبی طبقے کا سیاست میں آنا ہی ان کی جیت ہے۔۔۔اس طبقے کو حوصلہ افزائی کے الفاظ تو دور کی بات ہے ۔۔۔ حوصلہ افزائی کی نظروں سے دیکھا بھی نہیں جاتا ۔۔۔ان کے پاس جانا تو دور کی بات ہے ۔۔۔ یہ خود آجائیں تو کس رویے اور انداز سے ملاقات کی جاتی ہے ۔

 وجہ یہ کہ سیاسی مولوی ہیں۔۔۔

ان سے جنازہ نہیں ۔۔۔ان سے نکاح نہیں ۔۔۔ان کو چندہ نہیں ۔۔۔ان کو مسجد میں رکھنا نہیں

 وجہ یہ کہ سیاسی مولوی ہیں۔۔۔

ان کے بغیر گزارہ بھی نہیں اور ان کے ساتھ گزارہ بھی نہیں ۔۔۔مسجد کی کیمٹی میں یہ شامل نہیں ہو سکتے ۔۔۔ کالجز ،یونیورسٹیز تو دور کی بات ہے ۔۔۔ دینی اداروں کے اختتامی تقاریب میں نمایاں نہیں ہوسکتے ۔

 وجہ یہ کہ سیاسی مولوی ہیں۔۔۔

یہ سیاسی مولوی غیروں کو ناکوں چنے چبوانے والے اپنوں کی زہر آلود ،حقارت آمیز نظروں میں پگھل جاتے ہیں ۔۔۔ان کا سیاست میں آنا ہی جیت ہے ۔۔۔ووٹ نہیں ملا مگر نظریہ ملا ۔۔۔ جیت نہیں ملی مگر وجود ملا۔۔۔ اسلامی سیاست کی جنگ میں ہار نہیں جیت ہی جیت ہے ۔

اس موقع پر حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔۔۔ حوصلہ شکنی بہت کرنے والے ہیں۔۔۔ ایک ہمت کا جملہ بلندیوں کے اسفار کے لیے کافی ہوتا ہے ۔


گذارشات

سیرت طیبہ کا طالب علم ہونے کی حیثیت سے عرض کر رہا ہوں ۔۔۔ اسمبلی کی طاقت سے زیادہ مظبوط طاقت ہمارے پاس ہو سکتی ہے ۔۔۔ اس کے لیے اخرجات کی ضرورت نہیں ۔۔۔اس کے لئے بڑے بڑے جلسوں کی ضرورت نہیں ۔۔۔اس کے لئے دل جگرے کی ضرورت ہے ۔۔۔ اس کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے ۔۔۔

پہلی گزارش

اتحاد کی طاقت

مدینہ منورہ کی ریاست میں استحکام کن بنیادوں پر ہوا ۔۔۔ نبوت کی برکات اور وجود ہونے باوجود اتحاد کا ماحول بنایا گیا ۔۔۔ اہل کتاب کے ساتھ معاہدے کئے گئے ۔۔۔ حتی کہ منافقوں کو برداشت کیا ۔۔۔ قومی سطح پر اتحاد نہ ممکن ہے تو مسلکی طبقے ہی آپس میں اتحاد کر لیں۔۔۔ یہ بھی ممکن نہیں تو کم از کم ایک سوچ اور فکر کے لوگ اتحاد کر لیں۔۔۔

ہماری سیاست سے زیادہ اتحاد طاقتور ہوتا تو مولانا عادل صاحب شہید نہ ہوتے ۔۔۔ مولانا مسعود الرحمن عثمانی ناموسِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اتنے عرصے سے کام کر رہے تھے مگر اتحاد اور صلح کے وقت شہید کر دیے گئے ۔۔۔ ہمارے وہ اکابر علماء شہید ہوئے جو ہر طبقے کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتے تھے ۔۔۔باطل نے ہمیشہ تقسیم کیا ہے ۔۔۔تقسیم پاکستان کے بعد اور اب تک ہر شکست کے پیچھے آپس کی لڑائی ،خود غرضی اور انفرادی مفاد ہے ۔۔۔ خلافت عثمانیہ کی ٹوٹنے کی وجوہات میں بھی بڑی وجہ یہی نظر آتی ہے ۔۔۔

عبادات اور اعمال کی کی اپنی برکات مسلم ہیں۔۔۔ کفر ملت واحدہ ہونے کی بنیاد پر ہمیں مار رہا ہے ۔۔۔ امت مسلمہ کا اتحاد... خلیجی ریاستوں کا اتحاد ۔۔۔بین الاقوامی اتحاد کی طرف بات کا رخ دے کر مضمون کو شاباش دے کر ۔۔۔دل اور گڈ نشان لگانا نہیں ۔۔۔

سنجیدہ بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے ۔۔۔ کچھ شہروں اور علاقوں میں ائمہ مساجد کا اتحاد ہوتا ہے ۔۔۔ وہ ہر ماہ جمع ہو کر کھانا کھاتے ہیں ۔۔۔اپنے مسائل اور ضروریات خود حل کرتے ہیں۔۔۔ معاشی استحکام کے لیے کمیٹی ڈال لیتے ہیں۔۔۔ خوش باش ایک دوسرے کا دست و بازو بنتے ہیں۔۔۔۔اس جزوی اتحاد کے فوائد سے اندازہ لگائیں کہ کلی طور پر اتحاد کے کیا فوائد اور ثمرات ہوں گے۔۔۔

کنایات سے ہٹ کر واضح طور عرض کر دیتا ہوں ۔۔۔ اہل مدارس ،خانقاہوں تحریکوں اور تنظیموں ،سیاسی غیر سیاسی شخصیات کا اتحاد اسمبلی کی طاقت سے زیادہ مظبوط ہو سکتا ہے ۔۔۔ اس حسین اتحاد کی برکات سے اسمبلی بھی حاصل ہوگی ،قانون وجود میں آئے گا۔۔استحکام ریاست کی سنت پر عمل بھی ہوگا۔۔


 دوسری گزارش

نعمت کی شکر گزاری

 جو ہوا ۔۔۔جتنا ہوا ۔۔۔جیسے ہوا ۔۔۔۔ رب کریم کا کرم ہوا ۔۔۔اس پر شکر ادا کریں ۔۔۔ ذمہ داری کی شکر گزاری اس ذمہ داری کو پورا پورا انصاف کے ساتھ ادا کرنا ہے ۔۔۔


 تیسری گزارش

 ذہن سازی

 : علماء کرام اور اہل دعوت چاہے وہ پوش جگوں پر ہیں ،حساس اور خاص علاقوں میں ہیں ۔۔۔عبادات اور اعمال کی اصلاح کے ساتھ ساتھ ریاست کا نظریہ ۔۔۔ سیاست کی اہمیت ۔۔۔علماء کرام کی قربانیاں ۔۔۔ اور پاکستان کی خیر خواہی کا جذبہ پیدا کریں ۔۔۔


 چوتھی گزارش

 اللہ تعالیٰ سے تعلق

 انفرادی اعمال اور سنت نبوی کا اہتمام فرمائیں ۔۔۔روزانہ کی تلاوت ۔۔۔ تسبیحات کا اہتمام ۔۔۔اپنے شیخ سے رابطہ / اساتذہ کرام سے رابطہ۔۔۔۔ دعوت و تبلیغ کا مزاج ۔۔۔سیرت طیبہ کا مطالعہ اور دروس.... ایک امت بنانے کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔۔۔


 پانچویں گزارش

 خدمت خلق

  ۔مسجد نبوی کے اعمال صرف عبادات نہیں ہیں۔۔۔ فلاحی کام مسجد نبوی کا نمایاں عمل ہے ۔۔۔ وسائل اور اسباب نہیں تو جہاں مسجد اور مدرسے کا چندہ بکس ہے وہاں ایک اور بکس مستحقین کے راشن اور ضرورت کے لئے رکھ دیں ۔۔۔ اپنے محلے کی صحت ۔۔۔پانی۔۔۔ تعلیم اور بنیادی ضروریات کی نیت تو کر لیں۔۔۔ رب کریم وجود بھی دے دیں گے۔

جزاکم اللہ خیرا


10 فروری 2024

 مصطفی عزیز

سیرۃ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر فیصل آباد




0/Post a Comment/Comments