جمعیۃ علماء اسلام صوبہ سندھ کے اگلے پانچ سال کیلئے امیر و ناظم عمومی منتخب ہوگئے


سکھر: جمعیۃ علماء اسلام صوبہ سندھ کے انتخابات
جمعیۃ علماء اسلام کے مرکزی ناظم انتخابات مولانا عطاء الحق درویش صاحب اور مرکزی معاونین کی نگرانی میں مکمل ہوگئے
آئندہ پانچ سال کیلئے اتفاق رائے سے مولانا عبد القیوم ہالیجوی صاحب امیر اور مولانا راشد محمود سومرو صاحب ناظم عمومی منتخب ہوگئے

پارٹی کو نئے سرے منظم کریں گے ، اجلاس سے خطاب


کراچی / سکھر ( پ ر) جمعیۃ علماء اسلام صوبہ سندھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس یہاں جامعہ حمادیہ منزل گاہ سکھر میں مرکزی ناظم انتخابات مولانا عطاء الحق درویش کی نگرانی میں منقعد ہوا ۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے اگلے پانچ سال کیلئے مولانا سائیں عبد القیوم ہالیجوی امیر اور علامہ راشد محمود سومرو دوبارہ جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔

جےیوآئی کے مرکزی ڈیجیٹل میڈیا سیل کے رکن مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن انتہائی پُرسکون ماحول میں منعقد ہوا اجلاس کا کورم مکمل تھا ، قبل ازیں سندھ کے تیس اضلاع میں ریکارڈ ممبر سازی ہوئی ، سندھ بھر میں چھ لاکھ ساٹھ ہزار مرد وخواتین نے جےیوآئی کے رکنیت فارم حاصل کئے ، سمیع سواتی کے مطابق صوبائی جنرل کونسل کے مجموعی ممبران کی تعداد 1100 تھی جن میں سے 965 اراکین جنرل کونسل نے اجلاس میں شرکت کی۔

علاوہ ازیں جےیوآئی کے اراکین نے الیکشن ہال میں پارٹی الیکشن عملے کے سامنے اتفاق رائے سے امیر و جنرل سیکریٹری کیلئے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا اور مولانا عبدالقیوم ہالیجوی ، اور علامہ راشد محمود سومرو کو اگلے پانچ سال کیلئے اتفاق رائے سے امیر و جنرل سیکریٹری منتخب کرلیا۔ واضح رہے کے دونوں امیدواروں کے مقابلے میں ایوان سے کوئی نام پیش نہیں کیا گیا۔ جس کے بعد مرکزی چیف الیکشن کمشنر مولانا عطاء الحق درویش نے اپنے معاونین محمد اسلم غوری، مولانا ناصر محمود ہزاروی ، مولانا ناصر محمود سومرو اور مولانا محمد صالح اندھڑ کے مشورے سے دونوں امیدواروں کی کامیاب کا اعلان کردیا۔

بعد ازاں اراکین جنرل کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نو منتخب امیر مولانا سائیں عبدالقیوم ہالیجوی اور علامہ راشد محمود سومرو کا اپنے خطاب میں کہنا تھا پارٹی کو دستور کے مطابق فعال کیا جائے گا اور تمام اضلاع کے دورے کرکے ازسرنو پارٹی کو منظم کریں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کو باب الاسلام بناکر رہیں گے ، لبرل ، سیکولر اور لادین قوتوں کو سندھ میں سازشی عناصر کی آلہ کار بننے نہیں دیں گے۔

جاری کردہ : میڈیا سیل جے یوآئی 

بتاریخ 2024-09-26


0/Post a Comment/Comments