ماہنامہ الجمعیۃ ایک تنظیمی رسالہ۔ چوہان سلیم اللہ سندھی

ماہنامہ الجمعیۃ ایک تنظیمی رسالہ

چوہان سلیم اللہ سندھی 

چیف ایڈیٹر آزاد صحافت حیدرآباد 

اردو اور دینی رسائل کی تاریخ تو بہت پرانی ہے۔ کئی ادبی ، تاریخی رسالے و جرائد ماہنامہ ، سہ ماہی ، شش ماہی اور سالنامہ مختلف اداروں کی طرف سے مختلف ناموں سے شائع ہوتے رہتے ہیں۔ ہر ایک رسالہ کا اپنا اپنا دائرہ کار ہوا کرتا ہے۔ انہی رسائل و جرائد میں ماہنامہ الجمعیۃ بھی ایک ہے۔ جو کہ جمعیۃ علماء اسلام پاکستان کا ترجمان ہے۔ جس میں سیاسی مضامین، حالات حاضرہ پر سیر حاصل مواد شاملِ اشاعت ہوتا ہے۔ 

 الجمعیۃ کا آغاز اکتوبر 1989 میں ہوا تھا۔ الجمعیۃ کے چیف ایڈیٹر قائد جمعیۃ مولانا فضل الرحمن صاحب دامت برکاتہم العالیہ ہیں۔ بانی ایڈیٹر نعیم آسی تھے۔ تقریباً ان کی ادارت میں رسالہ چھ ماہ چلا تھا۔ پہلے یہ رسالہ ہفت روزہ شائع ہوتا تھا۔ محترم جناب نعیم آسی صاحب لاہور رسالہ کے سلسلے میں آرہے تھے۔ تو راستے میں ان کی روڈ ایکسڈنٹ میں شہید ہوگئے تھے۔ نعیم آسی کی شہادت کے بعد رسالہ کے ایڈیٹر محمد ادریس اپل صاحب رہے ہیں۔ تقریباً 1995ء تک ایڈیٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔ اس کے بعد رسالہ تقریباً ڈیڑھ سال تک تعطل کا شکار رہا۔ پھر نئے جذبے اور ولولے سے مولانا مفتی محمد زاہد شاه ڈیروی صاحب دامت برکاتہم العالیہ (فاضل جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی) نے قائدِ جمعیۃ حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب دامت برکاتہم العالیہ سے بات چیت کرکے رسالہ کے حوالے منظوری لی۔ پھر جنوری 1999ء سے تا حال ایڈیٹری کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

ہر شمارے میں قائد جمعیۃ حضرت مولانا فضل الرحمان دامت برکاتہم العالیہ کی کوئی ایک تقریر شائع کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ مظفر گڑھ میں ہونے والی عظیم الشان فقید المثال تاریخ ساز کانفرنس کا خطاب بعنوان "مظفر گڑھ عوامی اسمبلی"، جے یو آئی کی پنجاب میں دبنگ انٹری جبکہ اس شمارے میں دوسرے اہم مضامین میں: گیم چینجر منصوبہ، سی پیک کا تصور اور قائد جمعیۃ کا کردار، علماء کے خلاف رباب کے پرستاروں کا طوفان بد تمیزی، کیا پاکستان کو اسرائیلی ریاست تسلیم کر لینی چاہیے؟ شامل ہیں۔ جبکہ جماعتی اور تنظیمی رپورٹیں بھی شامل اشاعت ہیں۔ 

جبکہ ہر ماہ رسالہ کے لئے اداریہ مولانا مفتی محمد زاہد شاہ ڈیروی لکھتے ہیں۔ اداریہ کیا ہے؟؟؟ اداریہ حالات حاضرہ، کرنٹ اشوز اور جماعتی پالیسوں کے عین مطابق ہوتا ہے۔ اور اس کے علاوہ وفات پانے والے علمی شخصیات پر مختلف اوقات میں مضامین شائع ہوتے رہتے ہیں۔ 

یہ رسالہ تنظیمی اور جماعتی کاموں کی ترویج و اشاعت کے لئے بہترین اور عمدہ رسالہ ہے۔ قاری کو ہر ماہ ایک نئے جذبے اور ولولے سے جدید تحقیقات کے عین مطابق معلومات مہیا کرتا رہتا ہے۔ اس میں بھی یقیناً رسالہ کے ایڈیٹر مولانا مفتی محمد زاہد شاہ ڈیروی کی ان تھک محنت اور کاوشوں کا نتیجہ و ثمرہ ہے۔


0/Post a Comment/Comments