۲۵ صفر ۱۴۴۸ هـ
21 November 2026
جمعیۃ علماء اسلام پاکستان

مولانا فضل الرحمٰن صاحب مدظلہ کا پشاور ہائی کورٹ بار کے وکلاء سے خطاب

پوسٹ بذریعہ: teamJUIswat • ۲۱ نومبر ۲۰۲۶
مولانا فضل الرحمٰن صاحب مدظلہ کا پشاور ہائی کورٹ بار کے وکلاء سے خطاب

قائد جمعیۃ مولانا فضل الرحمٰن صاحب مدظلہ کا پشاور ہائی کورٹ بار کے وکلاء سے خطاب

21 نومبر 2026
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ، نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ۔

انتہائی قابل احترام جناب صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن پشاور، صدر گرامی قدر کی پوری ٹیم، اور اس ایوان میں ایسوسی ایشن اور بار کونسل کے معزز اراکین! میں دل کی گہرائیوں سے جناب صدر کا، ان کی ٹیم کا اور آپ تمام معزز اراکین، اپنے بھائیوں اور بہنوں کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے بار ایسوسی ایشن میں مجھے خوش آمدید کہا، یہ میرے لئے تاریخی اعتبار سے ایک بڑا عزاز ہے جس کے لیے میں آپ کا تہہ دل سے ممنون ہوں۔
یہ اجتماع ملک کے دانشور طبقے کا اجتماع ہے، اور یہاں پر مختلف سیاسی جماعتوں، ان سے وابستہ وکلاء کرام اور ان کی تنظیموں کے سربراہان موجود ہیں، میری خواہش ہوگی کہ ملک کی سیاسی صورتحال، اس ملک کے بنیادی اور اساسی تقاضے، اور اپنے مستقبل کے بارے میں کچھ معروضات پیش کر سکوں۔

معزز اراکین بار ایسوسی ایشن! جب ہم اپنے وطن مملکت خداداد پاکستان کے مقصد وجود پہ نظر ڈالتے ہیں، تو پاکستان میں تین قسم کے فکر اور نظریات کے حامل لوگ اپنے اپنے حوالے سے پاکستان کے مقصد وجود کی تشریح کرتے ہیں، مذہبی لوگ ان کے ہاں مقصد وجود اس ملک کو ایک اسلامی مملکت بنانا ہے، کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ یہ ملک معاشی آزادی کے لئے وجود میں آیا تاکہ ہم کسی قوم کی بالادستی سے بے نیاز ہوکر آزادی کے ساتھ اپنی معاشی پالیسیاں بنائیں، ایک بڑے سیاسی طبقے کا یہ بھی خیال ہے کہ پاکستان جمہوریت کے لئے بنا تھا اور یہاں پر جمہوری نظام کو فروغ ملنا چاہیے، کسی قوم کی بالادستی اور اس کی اکثریت سے بے نیاز ہوکر ہم جمہوری اقدار کو فروغ دیں۔ یہ تین تعبیرات عام طور پر ہمارے سامنے آیا کرتی ہیں۔ اگر ہم ان تینوں حوالوں سے بات کریں تو آسی سال گزرنے کے بعد ہمارے یہ تینوں مکاتب خیال، مکاتب فکر کے پاس سوائے مایوسی کے اور کچھ نہیں ہے۔ ہم تو اپنے وطن کے لیے آئین بھی حاصل نہیں کر سکے، تقسیم کے بعد ہمارے پاس صرف دو سال تھے جب ہم نے 1935 کے ایکٹ کے تحت دو ایوانی مقننہ کے تحت چلنا تھا لیکن 1973 میں جا کر ہم نے جاکر باقاعدہ آئین حاصل کیا، یہاں پر کوئی باقاعدہ سیاسی حکومت نہیں بن سکی، اور ان 1973 کے آئین میں پہلی مرتبہ قرار دیا گیا کہ حاکمیت اعلی اللّٰہ رب العالمین کی ہے اور عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے قرآن و سنت پر مبنی نظام اس ملک میں رائج ہوگا، آئین میں قرار دیا گیا کہ اسلام پاکستان کا مملکتی مذہب ہوگا، آئین میں قرار دیا گیا کہ قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون نہیں بنے گا اور آئین میں قرار دیا گیا کہ تمام قوانین قرآن و سنت کے تابع ہوں گے۔ یہاں ایک سوال اٹھتا ہے اور ہمارے بہت سے پڑھے لکھے دوست یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ پاکستان تو سب کا ہے، یہاں مختلف مکاتب فکر ہیں، کس مکتبہ فکر کی پیروی میں ہم یہاں قانون سازی کرے شریعت کی؟ مختلف فرقے ہیں کس کا اسلام نافذ کیا جائے؟ چنانچہ اس کا حل تلاش کیا گیا اسی روز جب آئین بن رہا تھا، اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام جس میں ماہرین قانون کی نمائندگی بھی تھی، ماہرین آئین کی نمائندگی بھی تھی اور تمام مکاتب فکر کے جلیل القدر علماء کرام کی نمائندگی بھی تھی تاکہ وہ سفارشات مرتب کرسکیں اور قرآن و سنت کے موافق قوانین پارلیمنٹ میں لائے جا سکیں اور اس کے بنیاد پر قانون سازی ہو۔ سن 1973 میں تشکیل دیا گیا اسلامی نظریاتی کونسل آج 2026 میں داخل ہو چکا ہے، سفارشات اسمبلی میں آتی ہیں، لے ہو جاتی ہیں، پتہ نہیں کس کمرے میں جا کر ڈمب ہو جاتی ہیں اور آج تک کسی ایک سفارش پر بھی کوئی قانون سازی نہیں ہو سکی ہے۔
چھبیسویں ترمیم میں ہم نے یہ ترمیم ڈالی کہ کونسل کے سفارشات کو بھی بحث کے لیے ایوان میں پیش کیا جائے گا، پورا سال ہوگیا ہے آج تک ایک سفارش بھی بحث کے لیے ایوان کے ممبران کے سامنے پیش نہیں کی گئی۔ یہ ریاستی سطح پر شریعت کے پہلو، سے مذہب کے پہلو سے ہمارا کردار ہے، تو پھر سوائے مایوسی کے ہمیں کیا ملے گا؟

معاشی لحاظ سے جو لوگ پر امید تھے کہ ہم کسی بالادستی سے آزاد ہو کر بحیثیت مسلمان قوم کے، آزادی کے ساتھ اپنے ملک کی معیشت کو بہتر کریں گے، خوشحال معیشت کی طرف جائیں گے، آسی سال کے بعد آپ خود دیکھ رہے ہیں، مشاہدہ کر رہے ہیں کہ ہماری معیشت کہاں کھڑی ہے، ہماری برآمدات کی پوزیشن کیا ہے اور ہماری درآمدات کی پوزیشن کیا ہے، ہماری پیداواری صلاحیت کیا ہے، ہمارا GDP گروتھ کیا ہے، ڈالر کے مقابلے میں ہمارے روپئی کی قدر کیا ہے، مہنگائی کی شرح کیا ہے، اپنے خطے کے ممالک کے ساتھ ذرا موازنہ کیجیے، پوری دنیا کے ساتھ نہیں کہہ رہا ہوں، انڈیا کے ساتھ، بنگلہ دیش کے ساتھ، سری لنکا کے ساتھ، برما کے ساتھ، بھوٹان کے ساتھ، نیپال کے ساتھ، ان سے موازنہ کیا جائے، ایران سے، افغانستان سے، ہم کہاں کھڑے ہیں اور اس کے ذمہ دار کون ہے؟ ساری ذمہ داری سیاست دانوں پر ڈالی جاتی ہے لیکن سیاست دان ہمیشہ ایک ایسے گھوڑے پر سوار ہوتے ہیں کہ جس کی باگیں سیاست دان کے ہاتھ میں نہیں ہوا کرتی، انہیں صرف پبلک کی ناراضگیوں اور ان کی شکایات کے لیے چھوڑا جاتا ہے تاکہ اصل قوت وہ ان کے اوٹ میں چھپی رہے۔
جمہوری حوالے سے ہم دیکھیں، سن 1973 تک جمہوریت تھی ہی نہیں، جاگیردار، بیوروکریسی، اسٹیبلشمنٹ ان کے دائرے میں اقتدار گھومتا رہا، محلاتی سازشوں کے تحت حکومت بنتی تھی پھر گرتی تھی، حکومت بنانے اور گرانے میں عوام کا کوئی کردار نہیں تھا، لیکن سن 1970 میں پہلا ایسا انتخاب ہوا جس کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ وہ پہلا اور آخری انتخاب تھا جو کسی طاقتور کے اثر کے بغیر اور مداخلت کے بغیر ہوا تھا لیکن ہم تھے کہ ہم نے اس کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا، ہم تھے کہ عوام کی رائے کے مطابق جس کو حکومت بنانے کا حق حاصل تھا ہم نے انہیں حکومت نہیں بنانے دی، ہم نے اسمبلی کے اجلاس نہیں بلائے، ملتوی پر ملتوی کرتے جا رہے تھے یہاں تک کہ ملک کے دونوں حصوں میں اتنا تفاوت پیدا ہوا، اتنی تلخی پیدا ہوئی، اتنی نفرت پیدا ہوئی کہ دسمبر 1970 میں عام انتخابات ہوئے اور دسمبر 1971 میں ملک دولخت ہو گیا۔
ہم نے جمہوریت کا یہ حشر کیا ہے، تو اس ملک میں کون سا فرد ہوگا کہ جو اس ملک کی نظام کے بارے میں مطمئن ہو سکتا ہے، کون سا ایسا فرد ہوگا کہ جس کے نقطہ نظر سے ہم نے آسی سال میں کوئی پیش رفت کی ہے، ہم مسلسل پیچھے کی طرف گئے ہیں۔ یہ ساری وہ صورتحال ہیں کہ آج ہمارا ذرا دیکھیں ہم نے ایک لمبا عرصہ صوبوں کی اختیارات کی جنگ لڑی ہے لیکن آپ کے لئے بھی باعث دلچسپی ہے یہ بات کہ یا تو ہم نے چار صوبوں کو ایک صوبہ بنایا اور یا ہر صوبے کو پتہ نہیں کتنا کتنا ٹکڑا بنانے کی ہم سوچ رہے ہیں، وہی لوگ تھے جنہوں نے چار صوبوں کا ایک بنایا اور صوبہ مغربی پاکستان تشکیل دیا اور آج بھی وہی لوگ ہیں جو ہر صوبے کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ یہاں پر کچھ علاقوں سے صوبوں کے مطالبات اٹھے، ہزارہ صوبے کا مسئلہ اٹھا، بہاولپور صوبے کا مسئلہ اٹھا، سرائیکی صوبے کا مسئلہ اٹھا اور فاٹا کی بات ذرا بعد میں کرتا ہوں۔ اس وقت اس طرح کی سوچ، اس طرح کی آواز اور اس طرح کا مطالبہ غداری تصور کیا گیا، وہ لوگ معتوب تھے جنہوں نے اس قسم کے مطالبات اٹھائے، نا معلوم آج کون سی نئی وحی آگئی ہے کہ ہم ہر صوبے کے ٹکڑے ٹکڑے اور ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں۔ یہ کیا سوچ ہے، اس کی وجہ کیا ہے، میں اپنے اجتماعات میں اس بات کا ذکر کر چکا ہوں کہ جب این ایف سی ایوارڈ ہو رہا تھا اور آئین میں یہ بات درج کی جا رہی تھی کہ آئندہ کے لیے این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے جو حصے ہیں اس میں اضافہ تو ہو سکے گا کمی نہیں کی جاسکے گی اور آج صوبوں کو ان محصولات میں ستاون فیصد سے زیادہ کی حصص مل رہے ہیں، یہ کیوں ہضم نہیں ہو رہا، پھر یہاں ہمارے صوبے میں گورنر راج لگایا گیا، ایک ہی صوبے کے اندر ایمرجنسی بھی لگائی گئی، وجہ کیا بیان کی گئی کہ جی یہاں پر تو دہشت گردی ہے، اگر دہشت گردی گورنر راج کی وجہ ہے یا ایمرجنسی کی وجہ ہے تو کیا بلوچستان کے حالات اس حوالے سے ہم سے زیادہ برے نہیں ہے، مسئلہ کیا ہے، یہاں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس ہوا تاکہ معدنی ذخائر وفاق کے کنٹرول میں آسکے، بلوچستان نے اس کو پاس کیا اور خیبر پختونخواہ نے پاس نہیں کیا، اس لیے وہاں گورنر راج کی ضرورت نہیں ہے اور یہاں ہے، یہاں پر ایمرجنسی کی ضرورت ہے۔
وہ فاٹا جہاں ایک وقت میں انضمام ناگزیر تھا، ہمارا موقف یہ تھا کہ مسئلہ انضمام کا نہیں ہے، مسئلہ فاٹا کے عوام کی سیاسی مستقبل کا ہے، فاٹا کے پرانے سٹیٹس کو جو۔ کے توں برقرار رکھنا یہ ایک آپشن ہے، فاٹا کو ایک مستقل صوبہ بنانا یہ دوسرا آپشن ہے اور فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنا یہ تیسرا آپشن ہے۔ اس حوالے سے فاٹا کے عوام سے پوچھا جائے وہ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں جس آپشن پر راضی ہیں اس کے حوالے سے آئین میں ترامیم کی جائے، لیکن ہماری نہیں سنی گئی اور مجھے خود براہ راست جنرل باجوہ نے کہا کہ مولانا آپ کیوں مخالفت کر رہے ہیں ہم پر امریکی دباؤ ہے، یہ ہے آپ کی آزادی اور آپ کی خودمختاری، لیکن اس وقت ہمارے پہاڑوں میں معدنی ذخائر کا ظہور نہیں ہوا تھا، دو چار سال ہو گئے جب معدنی ذخائر سامنے آئے، تو اب دوبارہ اس کو وفاق کے قبضے میں لینے کے لیے پرانے سٹیٹس کو دوبارہ بحال کرنے کی باتیں ہو رہی ہے۔ اور میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں ایک نہایت مؤقر اور نہایت ذمہ دار فورم سے کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے آج کے حکمرانوں نے خود براہ راست کہا ہے کہ ہم فاٹا کے پرانے سٹیٹس کو بحال کرنا چاہتے ہیں، دوبارہ پولٹیکل ایجنٹ کو لانا چاہتے ہیں، اس کا خیال تھا کہ شائد فضل الرحمٰن جشن منائے گا اور کہے گا کہ میری بات صحیح ثابت ہوئی، میں نے کہا کہ یہ انضمام نو سال پہلے ہوا تھا پہلے اس بات کا تجزیہ کیا جائے کہ اس فیصلے کی کیا اثرات مرتب ہوئے، فاٹا کے عوام پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوئے، آپ نے ان کو ہر سال سو ارب روپے دینے کا جو وعدہ کیا تھا دس سال کے لئے، آج نو سال پورے ہو گئے ہیں آپ نے اب تک ان کو کتنے ارب روپے ادا کیے ہیں، وہاں پر تعلیم کے شعبے میں کون سی ایسی نمایاں تبدیلی آئی ہے جس کو ہم سمجھے کہ انضمام سے پہلے نہیں تھا اور اس کے بعد ہوا ہے، وہاں ہیلتھ کے شعبے میں ہم ذرا سوچے کہ انضمام سے پہلے جو کچھ نہیں تھا اس کے بعد کیا ہوا، کون سی تبدیلی آئی، کون سے سڑکوں کے وہاں جال بچھے، کہاں کہاں پر بجلی کو فراوانی ملی، لوگوں کے میعار زندگیوں کو کہاں پر بڑھوتری ملی، لیکن آج جب اس کو واپس لیں گے تو پھر اس پر بھی غور کرنا ہوگا کہ اس کے اثرات کیا ہوں گے۔ بات بڑی واضح تھی کہ جب ان پر یہ طبق روشن ہو گیا کہ اب تو یہاں معدنی ذخائر ہیں اور یہ وفاق کی ملکیت ہونے چاہیے، تو یہ صرف آج نہیں ہوا، رکوڈیکٹ بلوچستان میں بھی جب حکومت نے اس کے حق پر دعویٰ کیا اور کہا کہ یہ یہاں کے عوام کا حق ہے اس وقت بھی اس صوبے کی حکومت کو برطرف دیا گیا اور آج بھی ہر چند کے مجھے صوبائی حکومت سے اختلاف ہو، ہر چند کے مجھے صوبائی حکومت کی تشکیل پر تحفظات ہو، لیکن ایک واضح اصول ہے جو میں آپ کے سامنے بھی رکھنا چاہتا ہوں اور آپ سے رہنمائی بھی لوں گا کہ اقتدار کی تبدیلی عوام کی مرضی سے یا اقتدار کی تبدیلی طاقت کے زور پر، تو یہاں جو تبدیلی آئی اس کی نوعیت دیکھیں ہم کسی سے ذاتی دشمنی نہیں لڑتے، اصول کی بات کرنا چاہتے ہیں تم نے ہمارے اثاثوں کے اوپر قبضہ کرنے کے لئے ان علاقوں میں ایمرجنسی لگائی ہے جس کو ہم سابق فاٹا کہتے ہیں اور ڈیڑھ سال سے وہاں مائننگ ہو رہی ہے، فاٹا ایسا علاقہ نہیں جو ہماری آنکھوں سے اوجھل ہو، ہماری نظروں کے سامنے سب کچھ ہوتا رہا ہے، پھر کہا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف نہیں تو پھر ہم نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں اور لکی مروت کیوں ملائے، تو میں نے کہا یہ سمگلنگ کے راستے ہیں، ہمارے قبائلی علاقوں میں ہفتے میں دو دن کرفیو لگتا ہے ہفتے اور اتوار کے دن کرفیو ہوتا ہے، تو کیا پانچ دن مزید وہاں دہشت گردی نہیں ہوتی، صرف دو دن کرفیو لگانے کی ضرورت ہے، اس لیے کہ ان دو دنوں میں لوگوں کو گھروں میں بند کر کے محصور کر کے وہاں سے آپ یہ ہماری قیمتی اثاثے وہاں سے نکال رہے ہوتے ہیں اور جب ہم نے اس حقیقت کو آشکارا کیا، اس کو ہم نے پبلک کیا، سب سے ہماری جیسے کوئی دشمنی ہو گئی ان سے، لیکن آج میں کہہ رہا ہوں کہ دہشت گردی کا جو مسئلہ ہے وہ تو دفن ہوچکا ہے، کوئی دہشت گردی صوبے میں نہیں، مکمل امن و امان ہے، مکمل امن و امان ہے تبھی تو ہماری سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔
آپ سے خطاب کے لیے آؤں تو مولانا صاحب صوبے کا امن و امان آپ کو معلوم ہے، آپ نہ جائے تو بہتر ہوگا، لیکن میں نے کہا اچھا اتنا امن و امان ہے کہ اس کے لیے ہماری سیکیورٹی واپس لے لی گئی، عبدالغفور حیدری صاحب کی بھی آپ نے سیکیورٹی واپس کر دی، یہ تضادات ہیں، اپنے مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔ تو ہم اگر بات کر رہے ہیں تو اپنے حقوق کی بات کر رہے ہیں، اپنے صوبے کے حقوق کی بات کر رہے ہیں، بلوچستان کے حقوق کی بات کر رہے ہیں، ہم اگر بات کرتے ہیں تو صوبہ سندھ کی حقوق کی بات کرتے ہیں، جہاں کے جزائر پر وفاق قبضہ کرنا چاہتا ہے اور اسی لئے جعلی اسمبلیاں وجود میں لائی جاتی ہے تاکہ اپنے ایجنڈے کے مطابق اسمبلیوں کو اسے آپ ترامیم کرائیں اور قانون سازیاں کرائیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک شفاف الیکشن ہو، ایک شفاف نظام ہونا چاہیے تاکہ اسمبلیوں پر لوگ اعتماد کرسکیں، عوام کی رائے کو طاقت مل سکیں، ہم کوئی فوج کے خلاف تو نہیں ہیں، فوج ہماری دفاعی قوت ہے، ہم اپنی دفاعی قوت کو طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن دشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، اپنی قوم کے مقابلے میں نہیں۔ تو یہ کون سی غلط بات ہے کہ جس پر اس قدر ناراضگی کا اظہار کیا جائے۔
اب اس حوالے سے پوری ملک کی سیاست کا آپ موازنہ کیجیے جو ہم کہتے تھے آج وہ حکومت کے گلی کوچوں سے اور اس کے غلام گردشوں سے بلاول بھٹو کی آواز آرہی ہے، اب تو ان کے گھر سے گواہی مل گئی، گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے۔ یہاں پر ایک مسئلہ پیش ہوا جو میں آپ کے نوٹس میں لانا چاہتا ہوں، میں عمرے سے آیا میرے خیال میں سات یا آٹھ تاریخ تھی اور اسی روز مجھے پی ٹی آئی کا وفد ملا، ادھر سے لانگ مارچ چلنا شروع ہوگیا تھا اُدھر حکومت کہہ رہی تھی کہ اسلام آباد میں آنے نہیں دیں گے اور مجھے کہا کہ آپ اس میں مداخلت کرے، اگلے روز حکومتی وفد ایا اور کہا کہ اگر آپ اس میں مداخلت کرتے ہیں تو ہم آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔ پرائم منسٹر صاحب کہ دفتر سے فون آیا کہ وہ آپ کو کھانے پہ دعوت دینا چاہتے ہیں، میری نظر میں یہی تھا کہ اگر میں کچھ انسانوں کی جانیں بچا سکوں تو یہ میں اپنے اوپر احسان کروں گا، میں نے ان سے اتنا کہا کہ آپ کی دعوت اوپن ہوگی، ہم ٹیم کے ساتھ آئیں گے اور آپ کی ٹیم موجود ہوگی ہم آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ چنانچہ ہم گئے وہ بھی نو دس لوگ موجود تھے، تفصیلی گفتگو ہوئی، ہم نے پی ٹی آئی کے مطالبات بھی ان کے سامنے رکھے، ان کے نقطہ نظر کو بھی سمجھا اور ایک راستہ نکل آیا، جب ایک امید سامنے آئی تو میں نے وہ ساری صورتحال پی ٹی آئی کی قیادت کے سامنے پیش کی اور انہوں نے کہا ہمیں قبول ہے۔ ہمارے مطالبات مان لیے جائیں اور ہم کال آف کر دیں گے لانگ مارچ سے، میں صبح نماز کے وقت گیا ان کے پاس، کیوں کہ وہ رات کو جلدی سوتے ہیں اور صبح جلدی اٹھتے ہیں، اور وہاں پر ہمارا معاملہ طے ہوگیا، میں بڑا پُرامید ہوکر وہاں سے آیا، لیکن مجھے افسوس ہے جب مجھے بتایا گیا کہ کابینہ نے منظور نہیں کیا، کابینہ کہتا ہے کہ ہر قیمت پر گورنر راج لگنا چاہیے، کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ اس کابینہ میں یہ طاقت ہے؟ جو کابینہ لکڑیوں کے سہارے چلے اور اس کے بغیر وہ بیٹھ جائے اس میں یہ ہمت ہے کہ وہ یہ جواب دے سکے، تو پھر آپ مجھے بتائیں کہ ایسی بے بس حکومت کو میں کیا کروں کہ کمیٹمنٹ کے باوجود وہ اپنی بات نہیں منوا سکے۔ اور پھر انہوں نے اسی روز آدھے گھنٹے کے اندر اندر گورنر راج لگا دیا۔
اب آپ ہی بتائیں، آپ بھی اسی صوبے کے لوگ ہیں کہ دہشت گردی کے پہلو پر کیا کارکردگی ہے چالیس پینتالیس دن تو ہوگئے، کیا کارکردگی ہے ان کی؟ اور جس مقصد کے لیے یہ لگایا تو میں نے کہا کہ دو چیزیں ہیں پرائم منسٹر صاحب کہ اگر آج آپ خان صاحب سے ملاقات بھی کروا رہے ہیں، آپ پنجاب میں ان کے لوگوں کو بھی رہا کر رہے ہیں، آپ ان کے کچھ اہم این ایز کو بھی رہا کر رہے ہیں، آپ ان کو علاج کے لیے بھی لانا چاہتے ہیں تو اس وقت اگر میری بات پر عمل ہو جاتا تو اتنی کشیدگی نہ آتی نا اور اگر سال ڈیڑھ سال پہلے معدنی ذخائر کے حوالے سے آپ یہ کنونشن بلا لیتے جو پرسو ترسو کنونشن سنٹر میں ہوا تو پھر معاملہ یہاں تک تو نہ جاتا، آج بلاتے ہو تو اس وقت کیوں نہیں بلایا؟ اس وقت کیوں چوری چھپے سارا کام ہو رہا تھا؟ کس کے مفاد میں ہو رہا تھا؟ کس ملک کے ساتھ بھی معاملات ہو رہے تھے؟ ہم تو پاکستان میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں، خدا کرے کوئی آئے اور ہمارے ملک میں انویسمنٹ کرے، لیکن انویسمنٹ کے لیے دو تین چیزیں کرایٹیریا ہیں، پہلی بات یہ کہ وہاں پر سیکیورٹی امن و امان کا مسئلہ، دوسری بات کہ معاہدات اور معاملات میں شفافیت ہو، تیسری بات کہ قانون کی حکمرانی ہو اور کسی بھی تنازعہ میں وہاں کی عدالتیں انصاف پر مبنی فیصلہ دے سکیں۔ انصاف پر مبنی فیصلہ اور جلد انصاف مہیا کرنا یہ ہماری عدالتوں کا فریضہ ہوتا ہے، یہاں انویسمنٹ اس لیے نہیں ہو رہی ہے اپنے ملک کا انویسٹرز جا رہا ہے جو بھی ان کے بیانیے سے اختلاف کرتا ہے اس کی فائلیں اٹھا لاؤ، کل پرسوں مجھے ایک دوست کہہ رہا تھا کہ میرے سامنے دو فائلیں رکھی ہوئی تھیں کہ آپ کی ہمارے پاس فائلیں ہیں تو میں نے کہا یہ تو دو ہیں میرا تو کاروبار اتنا ہے کہ یہاں پچیس تیس فائلیں ہونے چاہیے تھیں۔ ہماری بھی فائلیں کھلی ہوئی ہیں اور اس فائل میں ہمارے گھر کے سامنے ایک جنریٹر پڑا ہوا ہے۔ بھئی دباؤ ڈالنے کے لیے انگریزوں کے زمانے کے پرانے حربے استعمال کر رہے ہو، کوئی نئے حربے لاؤ، اور ایک سیاسی کارکن کو آپ اس بنیاد پر دباؤ میں ڈالنا چاہتے ہیں اس سے بڑے سخت سخت حالات ہم گزار چکے ہیں، ہماری جوانی تو اسی میں بیتی ہے، تو اگر آرام کے لیے آپ بھیجنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے۔
لیکن ان شاءاللہ ان حالات کا مقابلہ پوری قومی قوت کے ساتھ کرنا ہوگا، اور آپ دانشور ہیں آپ نے قانون اور آئین کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی ہے، آپ کی زندگی اسی لیے ہے کہ آئین اور قانون کی حکمرانی ہو اور اس حوالے سے میں آپ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ نے جس طرح میری یہاں پر ہمت بندھائی اور جس طرح آپ نے میرا حوصلہ بندھایا، میں اس کے لیے بھی آپ کا بے حد ممنون ہوں۔ اس ملک میں سیول سپریمیسی ہونی چاہیے، اس ملک میں عوام کے ووٹ کو تقدس ہونا چاہیے، آزادانہ، شفاف الیکشن ہونے چاہیے، اس طرح کی ڈمی اسمبلیاں وہ کبھی بھی ملک کی خدمت نہیں کر سکتی، وہ طاقتور کی خدمت تو کر سکتی ہیں اپنے عوام کی خدمت نہیں کر سکیں گی۔
میں انہی الفاظ کے ساتھ آپ سے اجازت چاہتا ہوں، میں نے جو بات کرنی تھی آپ کی خدمت میں رکھ دی اگر کوئی اونچ نیچ آپ نے مجھ سے کروانی ہے تو وہ پھر آپ کے سوالات کے نتیجے میں ہوگا۔
وَأٰخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۔
،‎ضبط تحریر: #سہیل_سہراب #محمدریاض
‎ممبر ٹیم جے یو آئی سوات، ممبر مرکزی کونٹنٹ جنریٹرز رائٹرز
‎#teamJUIswat

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

پچھلی خبر مولانا فضل الرحمٰن صاحب کا مفتی محمود مرکز...