۲۵ صفر ۱۴۴۸ هـ
21 November 2026
جمعیۃ علماء اسلام پاکستان

مولانا فضل الرحمٰن صاحب کا مفتی محمود مرکز پشاور میں نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے مختصر خطاب

پوسٹ بذریعہ: teamJUIswat • ۲۰ نومبر ۲۰۲۶
مولانا فضل الرحمٰن صاحب کا مفتی محمود مرکز پشاور میں نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے مختصر خطاب

قائد جمعیۃ حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب کا مفتی محمود مرکز پشاور میں نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے مختصر خطاب

20 نومبر 2026

خطبہ مسنونہ کے بعد:

میرے محترم دوستو، بھائیو اور بزرگوں! آج آپ کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے۔ ان شاءاللہ العزیز جن قوتوں نے جمعیۃ علماء اسلام کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی ہیں اور ان کا خیال یہ ہے کہ دوسروں کی طرح ہم جمعیۃ کے کارکن کو بھی خاموش کر دیں گے، تو ان شاءاللہ ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

ہم بڑے تجربہ کار لوگ ہیں، ہماری پشت پر سو سال سے زائد کی تاریخ پڑی ہے اور وہ قربانیوں کی تاریخ ہے۔ ہمارے نوجوانوں کے لیے اس تاریخ سے بہترین میراث کوئی اور نہیں ہے۔ ہم اس کی لاج رکھیں گے، ان شاءاللہ۔

ڈرو گے تو نہیں نا؟ تھکو گے تو نہیں نا؟ بس میں ان کو اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ ہر کسی کو چھیڑو، لیکن ہمیں نہ چھیڑو۔ اگر ہم راستے میں کھڑے ہو گئے تو پھر آپ کے لیے گزرنا مشکل ہو جائے گا۔

میرے بھائیو! ہمارے ساتھ اسلحہ نہیں ہے، ہم اسلحہ نہیں اٹھاتے، ہم سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ آپ کے پاس اسلحہ بھی ہے، افرادی قوت بھی ہے، وسائل بھی ہیں، لیکن ان شاءاللہ ہم خالی ہاتھ آپ کو شکست دیں گے۔

ڈھائی سال اس حکومت کو بنے مکمل ہوئے ہیں، ڈھائی سال یہ ہمیں منت سماجت کرتے رہے کہ حکومت میں شامل ہو جاؤ، آپ کے بغیر حکومت نہیں چلتی، صوبائی حکومت آپ لے لیں، لیکن جب ہم نے اس جعلی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا اور حکومت میں شامل نہیں ہوئے، تو اب کہہ رہے ہیں کہ ہم آپ کے خلاف فائلیں کھول دیں گے، لیکن یاد رکھو! یہ فائلیں ہم آپ کے منہ پر دے ماریں گے۔ جتنا زور لگا سکتے ہو، لگاؤ۔

اور ایک اور بات آپ کو بتانا چاہتا ہوں، جو آپ کے لیے اور میرے لیے قابل فخر ہے کہ تمام پاکستان اور خاص کر پنجاب میں ہمارے جمعیۃ کے کارکنوں کو اپنے دفتر بلاتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ اتنا بیان دو کہ آج کے بعد ہمارا جمعیۃ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ہم جمعیۃ سے مستعفی ہوتے ہیں، لیکن الحمدللہ پورے پاکستان میں ان کو کوئی نہیں ملا جو یہ کہے کہ جمعیۃ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔

میرے بھائیو! ہمارے حوصلے بلند ہیں، یہ بہت ہی کم ظرف لوگ ہیں۔ میرے گھر کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ یہ جنریٹر باہر پڑا ہے، کبھی کہتے ہیں کہ کیبن باہر پڑا ہے، کبھی کہتے ہیں کہ یہ دفتر تجاوزات میں آتا ہے۔ دفتر تجاوزات نہیں، تم تجاوزات کر رہے ہو، اسٹیبلشمنٹ تجاوزات کر رہی ہے، میرے سیاست میں دخل اندازی کر رہے ہو، پاکستان کی سیاست میں دخل اندازی کر رہے ہو، اپنے دائرے میں رہو۔ تم تجاوز کر رہے ہو، تم خیبر پختونخوا کے معدنیات چرا رہے ہو۔ ہم نے آپ کی چوری دنیا پر عیاں کی تو تمہیں یہ بات بری لگی، لیکن ان شاءاللہ العزیز ہم اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے، ہم بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے حقوق کا بھی تحفظ کریں گے اور تم جہاں چوری کرو گے تو ہمیں آپ کی چوری معلوم ہو گئی ہے اور صرف چور نہیں بلکہ ان کے ساتھی بھی معلوم ہیں۔

تو ان شاءاللہ ہم مضبوط دیواروں کی طرح کھڑے رہیں گے، جہاں تم ہو وہیں رک جاؤ۔ اگر آپ نہیں رکیں گے تو پھر ہم سڑکوں پہ آئیں گے، اگر آپ نہیں رکیں گے تو پھر ہم جیلوں میں جائیں گے۔ تمہارے جیلیں ختم ہو جائیں گی، لیکن ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے۔ مقابلہ کریں گے اور سیاسی میدان میں کریں گے، سیاسی رویوں کے ساتھ کریں گے۔ ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں ہیں، ہم بڑے طریقے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں اور تمہاری تدبیریں ہم ان شاءاللہ ناکام بنا دیں گے۔ آپ لوگ متحد رہے، متفق رہے، آپ ایک صف رہے، کوئی آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور ان شاءاللہ ہم ان کی طاقت کو خاکستر کرکے رہیں گے۔

اللہ تعالیٰ آپ کو حوصلہ دے، ہم سب حوصلے کے ساتھ ہیں۔ آج کے اجتماع میں آپ نے ایک بڑا بہادرانہ پیغام دیا ہے اور ان شاءاللہ یہ ہر کسی کے کانوں میں اور دلوں میں یہ پیغام پہنچے گا۔

وَأٰخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۔

ضبطِ تحریر: #سہیل_سہراب
ممبر ٹیم جے یو آئی سوات، ممبر مرکزی کنٹینٹ جنریٹرز رائٹرز گروپ
#teamJUIswat

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

اگلی خبر مولانا فضل الرحمٰن صاحب مدظلہ کا پشاور ہائی... پچھلی خبر قائد جمیعت مولانا فضل الرحمٰن صاحب مدظلہ کا...