قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن صاحب مدظلہ کا لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں بوجہ ہاوس حصار ویڈیو ریکارڈ بیان
24 نومبر 2026
بسم اللہ الرحمن الرحیم، نحمده و نصلي على رسولِهِ الكریم
برادرانِ وطن، جمعیتِ علماءِ اسلام کے مجاہد ساتھیوں، پاکستان بھر کے وکلائے کرام کا دانشور طبقہ اور بالخصوص لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا میں شکر گزار ہوں کہ انہوں نے آج لاہور بار ایسوسی ایشن میں آل پارٹیز سمینار کا انعقاد کیا اور مختلف سیاسی قائدین کو اور مجھے وہاں اپنی خیالات پیش کرنے کا موقع عنایت فرمایا لیکن مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں اور پورا لاہور شہر وہ ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں اور ایک پرامن شہری کو دانشوروں کے ماحول میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔
میں اس ویڈیو پیغام کے ذریعے سے سب سے پہلے اپنے وکلاء بھائیوں، لاہور بار کے معزز ممبران اور لاہور بار کے صدر اور ان کی محترم ٹیم کا شکر گزار ہوں۔ ان شاءاللہ یہ حصار ٹوٹیں گے، یہ رکاوٹیں دور ہوں گی، جبر اسے کبھی دوام حاصل نہیں لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے۔ ہم اس وقت ملک میں امن کے داعی ہیں امن کے پرچارک ہیں اور قیام امن کے لئے ہم نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے، اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ہے اور یہ اپنی مٹی سے وفاداری کی بہت بڑی شہادت ہے، ہم نہ حکمرانوں سے نہ کسی ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفیکیٹ لینے کے لئے آئے ہیں بلکہ میں سمجھتا ہوں کہ شاید اب یہ سرٹیفیکیٹ لوگوں کو ہمیں دینا ہوگا، ان کی وفاداریاں مشکوک ہیں ہماری وفاداریاں شک و شبے سے بالاتر ہیں۔
وہ اپنی قوم کے خلاف اپنے آئین کے خلاف اپنے قانون کے خلاف کیا سازشیں کر رہے ہیں اور کن سازشوں میں مصروف ہیں ان شاءاللہ یہ بے نقاب ہوں گے اور ہم سلام پیش کرتے ہیں پاکستان کے عوام کو اور جمعیۃ علماء اسلام کے ایک ایک کارکن کو جو اس وقت استقامت کا پہاڑ بنا ہوا ہے اور کسی قیمت پر وہ جبر کے سامنے سر جھکانے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
میں وکلاء برادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، ہر جگہ سے ملک بھر کے بار ایسوسی ایشنز وہ مجھے دعوت دے رہے ہیں کہ میں ان کے بار میں جا کر خطاب کروں، اس کا سلسلہ بڑھتا چلا جا رہا ہے اور ان شاءاللہ میں کوشش کروں گا کہ جہاں تک مجھ سے ہو سکے میں ان تک رسائی حاصل کروں اور ان سے میں خطاب کر سکوں۔
جہاں ہم وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں اور اسے سینچنے کے لئے ہم اپنا خون پیش کر رہے ہیں وہاں وطن کو امن دینے والی قوتیں اپنی سرزمین کو خون آلود کر رہے ہیں۔ انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، انہیں اپنے کردار کا جائزہ لینا چاہئے، انہیں اپنی وفاداری کا جائزہ لینا چاہئے ،انہیں حب الوطنی کا جائزہ لینا چاہئے، ہم اتنی کمزور جنگ نہیں لڑ رہے ہیں ہم نے اپنی ساری زندگی سو سال سے زیادہ کی تاریخ انہی قربانیوں سے ہیں کہ ہم نے وطن سے محبت کی ہے، ہم نے وطن سے وفا کی ہے اور ہم نے کسی طاقتور کی غلامی کو قبول نہیں کیا ہے۔
26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیۃ علماء اسلام ایک بہت بڑی کانفرنس کرنے جا رہی ہے لیکن اس وقت ہمارے کارکن پورے سرگودھا ڈویژن میں ریاست جبر کے نشانے پر ہیں، لوگوں کے کاروبار بند کیں جا رہے ہیں، دکانوں کو سیل کیا جا رہا ہے، اگر کسی کا کوئی فلور مل ہے اس کو سیل کیا جا رہا ہے، عہدیداروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، بھکر میں گرفتاریاں، میاں والی میں گرفتاریاں، خوشاب میں گرفتاریاں، سرگودھا میں گرفتاریاں، اس کے تحصیلوں میں گرفتاریاں اور اس طرح کارکنوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے تاکہ وہ عوام سے نہ مل سکے اور اس جلسے عام کے لئے عوام کو منظم نہ کر سکیں۔ لیکن ہمارا عزم ہے کہ ہم نے یہ کانفرنس کرنی ہے، ہم نے اس کانفرنس کی طرف بڑھنا ہے اور میں عوام سے اپیل کرتا ہوں براہ راست اپیل کرتا ہوں کہ آپ اس اجتماع کو کامیاب بنائے، اپنی حریت اور آزادی کا مظاہرہ کریں اور آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری اور جمہوریت کی پاسداری کے لئے خود کو پیش کریں۔
ہم عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ہم پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ،ہم اس ریاست کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور اس کے لئے ہم ایک آواز بن کر میدان میں ہیں۔ آج قومی اور ملی وحدت کا وقت ہے اس کی ضرورت ہے اور پاکستان کے ہر شہری کو آج اپنا فرض سمجھنا چاہیے، ایسے وقت میں بہادری جرات اور بے باکی کی ضرورت ہوا کرتی ہے، ہم میدان میں ہیں بھرپور طور پر میدان میں ہیں اور ہم عوام کے شانہ بشانہ ان کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ میں یہ بات واضح کرتا چلوں کہ ہمارے خلاف ریاستی قوتوں نے اُس وقت اپنے روئیوں میں شدت پیدا کی جب ہم نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کے کردار کو بے نقاب کیا ہے۔ ہم صوبہ خیبر پختونخوا ہو، صوبہ بلوچستان ہو، گوادر ہو، ساحلی علاقے ہو، سندھ ہو، ان کے سمندری جزائر ہو، پنجاب کے عوام ہو ان کے حقوق ہو، ہم تمام صوبوں کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ عوام کی ملکیت ہیں وفاق کی ملکیت نہیں، کسی ایک طاقتور ادارے کی ملکیت نہیں اور ہم اسے لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔ ہم نے جب ان کو بے نقاب کیا تو انہوں نے ریاستی قوت ہمارے خلاف استعمال کی ،ہم ابھی صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں لیکن استقامت کے ساتھ اپنے موقف پہ ڈٹے ہوئے ہیں اور ان شاءاللہ اسے ہم منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
میں ایک بار پھر لاہور ہائی کوٹ بار ایسوسی ایشن، ان کے صدر محترم، ان کی کابینہ کے اراکین اور تمام بار کے اراکین کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس حسرت کا اظہار کرتا ہوں کہ ریاستی جبر نے اور ریاستی رکاوٹوں نے مجھے براہ راست ان سے مخاطبت سے محروم رکھا ہے۔ ان شاءاللہ زندگی رہے گی اور ملاقات ہوگی۔ اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہو۔ اللہ تعالی پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اللہ تعالی پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائے اور ترقی سے مالا مال فرمائے۔
واخر دعوانا ان الحمدللہ رب العالمین
ضبط تحریر: #محمدریاض
ممبر ٹیم جے یو آئی سوات و گلف ریجن
#teamJUIswat
