قائد جمعیۃ مولانا فضل الرحمان صاحب کا سرگودھا کی موجودہ صورتحال پر ہنگامی اہم ویڈیو پیغام26 نومبر 2026
بسم اللہ الرحمن الرحیم، نحمده و نصلي على رسوله الكریم
برادران وطن، جمعیۃ علماء اسلام کے مجاہدوں، ساتھیو! جیسا کہ آپ جانتے ہیں آج 26 نومبر 2026، سرگودھا میں عظیم الشان کانفرنس کا اعلان کیا گیا تھا، وہ اعلان بدستور برقرار ہے، قافلے مختلف اطراف سے سرگودھا پہنچ رہے ہیں لیکن ہماری معلومات یہ ہیں خود میں جہاں رہ رہا ہوں لاہور میں، اس کے مین دروازوں پر کنٹینر کھڑے کر دئیے گئے ہیں اور یہاں لاہور میں ہی ہمارے نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا ہے۔ میں بہرحال پر عزم ہوں کہ میں ان شاءاللہ العزیز سرگودھا کے لئے روانہ ہو رہا ہوں لیکن معلومات یہ ہیں کہ انہوں نے موٹر وے کو بھی بند کر دیا ہے، سرگودھا جانے والے تمام راستے مسدود کر دئیے گئے ہیں۔ چشمہ، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، ان تمام علاقوں کو انہوں نے بند کر دیا ہے اور خود شہر کے اندر کرفیو کا سا سماں ہے۔ پنڈال پر مکمل پولیس کا قبضہ ہے اور ہمارے کارکنوں کو سرگودھا میں گرفتار کیا جا رہا ہے، ہمارے کارکنوں کو خوشاب میں گرفتار کیا گیا ہے، ہمارے کارکنوں کو راولپنڈی سے لے کر ڈیرہ غازی خان تک مختلف اضلاع میں گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔ جمعیۃ طلباء اسلام کے سربراہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جمعیۃ علماء اسلام کے مرکزی ناظم عمومی حضرت مولانا عبد الغفور حیدری صاحب اس وقت ان کے قبضے میں ہیں اور ان کو ایک جگہ نظر بند رکھا ہوا ہے۔ حضرت مولانا امجد خان صاحب صوبائی امیر جمعیۃ علماء اسلام پنجاب وہ بھی وہیں خوشاب میں نظر بند ہیں۔
اس تمام تر صورتحال میں ہم جلسہ گاہ تک پہنچے یا نہ پہنچے لیکن میں اعلان کرتا ہوں اور پورے ملک کے تمام صوبوں سے کہنا چاہتا ہوں، تمام صوبوں کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں، تمام صوبوں کے کارکنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بلا تعمل اپنے گھروں سے نکلے، میدان میں نہ آئیں، سڑکوں پہ آ جائیں، تمام راستے بند کر دیں، ہائی ویز روک دیں، موٹر ویز روک دیں اور احتجاج کرے اس بات پر کہ ہمیں ایک جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے، ہمیں ایک جلسہ کیوں نہیں کرنے دیا جا رہا اور اس کے لئے کارکنوں پر کیوں تشدد کیا جا رہا ہے۔
ہمارے سرگودھا کے امیر بیمار ہیں، گھر پر ہیں، لیکن اس کے بیٹے جو وکیل بھی ہیں ان کو گرفتار بھی کیا گیا، ان پر تشدد بھی کیا گیا، کارکنوں کے ساتھ یہ رویہ کسی قیمت پر ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہے، ہم اس پر بھی احتجاج کر رہے ہیں کہ ہمارے جلسہ پر پابندی کیوں لگائی گئی، ہم اس پر بھی احتجاج کر رہے ہیں کہ ہمارے کارکنوں کو کیوں گرفتار کیا گیا، کیوں ان پر تشدد کیا جا رہا ہے، ہمارے اعلیٰ قیادت کو کیوں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ اس تمام صورتحال پر پورا ملک آج احتجاج کرے گا، مظاہرے کرے گا، سڑکوں پر نکلے گا اور تمام ملک کے ہائی ویز کوہستان چترال سے لے کر بدین اور تربت مکران تک اور چمن تک یہ تمام علاقے پورے ملک پر کارکن نکلے، جہاں جہاں بھی ہیں اور پورے ملک کے تمام شاہراہوں کو بند کر دیں، احتجاجاً بند کریں اور بتائیں ان کو کہ اگر آپ اس قسم کے ناجائز اور آمرانہ حربے استعمال کرتے ہیں تو ہم بھی اس کے جواب میں اپنے احتجاج کے حق کو ریکارڈ کر آ سکتے ہیں اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہوگا، ان شاءاللہ کامیابی ہماری ہوگی۔
سَيُهْزَمُ الْجَمْعُ وَيُوَلُّونَ الدُّبُرَ۔ صدق اللہ العظیم
وَأٰخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۔
،ضبط تحریر: #سہیل_سہراب #محمدریاض
ممبر ٹیم جے یو آئی سوات، ممبر مرکزی کونٹنٹ جنریٹرز رائٹرز
#teamJUIswat
