قائد جمعیۃ مولانا فضل الرحمٰن صاحب مدظلہ کا گرفتاری پیش کرنے سے پہلے کارکنان سے اہم خطاب
26 نومبر 2026
سب سے پہلے میں آپ کو، آپ کے استقامت، آپ کی جرأت اور پورے ملک میں جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے عزم و استقلال اور جرأت کو سلام پیش کرتا ہوں۔
میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ احتجاج کا جو سلسلہ آج شروع کیا گیا ہے، ان شاء اللہ العزیز، برقرار رہے گا اور جاری رہے گا۔
میں یہ بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ گرفتاریاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔ آپ گرفتار کرنے کی تکلیف کیوں کرتے ہیں؟ ہم خود آپ کے جیل کے دروازے پر جا کر گرفتاریاں دیں گے۔ لیکن آپ جانتے ہیں کہ جمعیت علمائے اسلام اپنا ہر قدم باہمی مشاورت اور ایک بھرپور حکمت عملی کے ساتھ اٹھاتی ہے۔ ہم ان شاء اللہ العزیز اگلے اقدامات کا فیصلہ کریں گے۔
میں آپ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ جوش میں نہ آئیں، جوش میں مت آئیں۔ ہماری جماعت کے کارکن ہمیشہ ہوش کے لوگ رہے ہیں۔
ابھی میرے پاس سی سی پی او صاحب تشریف لائے ہیں۔ وہ میری گرفتاری کر چکے ہیں اور اب میں ان کی حراست میں ہوں۔ وہ مجھے جہاں لے جائیں گے، لے جائیں گے۔ آپ بے فکر رہیں، ہم ان شاء اللہ پوری استقامت کے ساتھ ان حالات کا مقابلہ کریں گے۔
ہماری ایک تاریخ ہے،اب وہ اپنے فیصلے کریں گے اور ہم اپنے فیصلے کریں گے۔
ان شاء اللہ العزیز، جیل میں جانا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم اس تاریخ کے حامل ہیں جہاں ہمارے اکابر نے پھانسیوں کو چوما ہے، اور جب پھانسیاں رک گئیں تو درختوں پر لٹکایا گیا۔ تمہاری جیلیں بھی ختم ہو جائیں گی، لیکن ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے۔
ان شاء اللہ العزیز، یہ تحریک برقرار رہے گی۔
میں پورے ملک کے لیے اعلان کرتا ہوں کہ آپ اس وقت اپنے دھرنے، جہاں جہاں بھی ہیں، ملتوی کر دیں۔ کل جمعہ کا دن ہے۔ نمازِ جمعہ کے بعد پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور جمعیت علمائے اسلام کی ذیلی جماعتیں اپنے اپنے علاقوں میں ان مظاہروں کا انتظام کریں گی اور اس کا طریقۂ کار طے کریں گی۔
ان شاء اللہ تحریک جاری رہے گی۔ گرفتاریاں ہمارا راستہ نہیں روک سکیں گی۔
