۲۵ صفر ۱۴۴۸ هـ
19 November 2026
جمعیۃ علماء اسلام پاکستان

قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن مدظلہ کی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد  اہم پریس کانفرنس

پوسٹ بذریعہ: teamJUIswat • ۱۱ اکتوبر ۲۰۲۶
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن مدظلہ کی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد  اہم پریس کانفرنس

قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن مدظلہ کی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد  اہم پریس کانفرنس

11 اکتوبر 2026
نحمدہ و نصلی على رسولِهِ الكریم

آج وفاقی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے اور بعض علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا جو اعلان کیا ہے ہم حرف بہ حرف ان کے اس پورے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، یہ جمہوریت پر اور عوام کے حق پر شب خون ہے اور جمعیۃ علماء اسلام اس حوالے سے عوام میں جائے گی، پارلیمنٹ میں کردار ادا کرے گی، عدالت میں جائے گی، جو ہمارے پاس جمہوری اور آئینی پلیٹ فارم ہیں اس میں جا کر ہم اس ملک میں آئین کا دفاع کریں گے، اس ملک میں ہم انسانی حقوق کا دفاع کریں گے، جمہوری حقوق کا دفاع کریں گے اور ہمارا جو زندگی بھر کی جدوجہد ہے اور جس مقصد کے لئے ہے اس حوالے سے ہم نے اپنی تحریک کو اور اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے اور کسی طریقے سے بھی اس طرح کے غیر آئینی اقدامات کے سامنے ایک لمحے کے لئے بھی ہم جھکنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

لیکن میں سب سے پہلے آپ کو دو تین روز یا چار روز کی جو مصروفیات ہیں اس حوالے سے معلومات دے دوں کہ بات کیسے شروع ہوئی؟ کہاں تک پہنچی؟ اور کیوں سبوتاژ کی گئی؟ میں سات اکتوبر کی صبح کو اسلام آباد پہنچا اور سات اکتوبر ہی کو ظہر کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا وفد آیا جس میں ان کی اعلی قیادت موجود تھی، سینیٹ میں ان کے لیڈر آف دی اپوزیشن، ان کے چیئرمین اور دوسرے اکابرین موجود تھے اور انہوں نے اس بات کی خواہش ظاہر کی کہ اس بحران کو حل کرنے کے لئے تم اپنا کردار ادا کرو، ہم نے یہاں پر آپ ہی کی موجودگی میں، صحافی حضرات کی موجودگی میں، پریس کانفرنس کی اور جو ہمارا یہ خیال تھا جو انہوں نے ہمیں معلومات فراہم کی، ہم نے اپنا نقطہ نظر واضح کر دیا تھا کہ حکومت نے مذاکرات کی کوئی گنجائش چھوڑی نہیں ہے، یہ رائے آنے کے باوجود اگلی ہی روز سپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزراء میرے پاس تشریف لائے اور تفصیلی گفتگو ہوئی اور انہوں نے بھی مجھے اس حوالے سے کردار ادا کرنے کے لئے کہا، اب دونوں طرف کی صورتحال سامنے آئی، تحریک انصاف وہ لانگ مارچ میں تھی اور صوبہ خیبرپختونخوا کے اندر وہ لانگ مارچ اپنے مراحل طے کر رہا تھا، ہماری مداخلت کے بعد انہوں نے اسلام آباد کے طرف آنے کا اعلان معطل رکھا، اسے زیر التواء رکھا، کوئی بڑا فیصلہ آگے بڑھنے کا، کوئی اعلان انہوں نے نہیں کیا اور میں یہ بھی بتا دوں کہ اگلے ہی روز میری اطلاع یہ تھی کہ آج ایمرجنسی لگنے والی ہے لیکن حکومتی وفد آنے کے بعد انہوں نے بھی اس اقدام کو مؤخر کرنے میں بہتری سوچھی۔

جب ادھر بھی لانگ مارچ کے اگلے اقدامات مؤخر کیے گئے اور ادھر بھی ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ مؤخر کیا گیا تو ہم یہ سمجھے کہ دونوں اس حوالے سے کسی مفاہمت کے لیے سنجیدہ ہیں، چنانچہ مجھے وزیراعظم کے دفتر سے رات کو اطلاع ملی کہ وزیراعظم مجھے کھانے کی دعوت پر بلا رہے ہیں اور ان کا خیال یہ ہے کہ ہم اس موضوع پر وزیراعظم کی سطح پر بات کر لیں، ہرچند کہ ہمارے ہاں وضع داری ہے، میں عمرے سے آیا تو سب سے پہلے تو عمرہ مبارک ہو، یہ باتیں ہمارے معاشرے کی خوبصورتی ہے، پی ٹی آئی والوں نے بھی سب سے پہلے عمرہ مبارک باد کی بات کی، انہوں نے بھی سب سے پہلے عمرہ مبارک باد کی بات کی، لیکن میں نے اپنے دوستوں سے مشورہ کیا کہ کیا ہمیں وزیراعظم کے پاس جانا چاہیے یا نہیں؟ کیونکہ میں گزشتہ کچھ چار مہینے سے زیادہ عرصہ ہوا وزیراعظم سے نہیں ملا تھا، مجھے ساتھیوں نے مشورہ دیا کہ چونکہ مسئلہ ملک کا ہے، وفاق اور ایک صوبے کے درمیان بحران کا مسئلہ ہے، اس لئے ملک کی بہتری کے لیے اور خدا نہ کرے، خدا نہ کرے، کوئی خون ریزی ہو جائے، گولی چل جائے، انسانی جانیں ضائع ہو جائیں، اس سے بچانے کے لیے یہ کوئی بڑی بات نہیں کہ ہم ان کی دعوت قبول کر لیں۔ چنانچہ اگلے روز ان کا خود فون آیا، انہوں نے فون پر عمر مبارک باد کی بھی بات کی، میں نے شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ رات ہم کھانا اکٹھے کھائیں، میں نے کہا میں حاضر ہوں۔ ہم وہاں گئے انہوں نے وہاں پر جو ہم گئے تو باتیں صاف تھیں، حکومت کی رائے یہ تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ پہلے لانگ مارچ کے خاتمے کا اعلان کر دیا جائے اور یہ کال آف کر دی جائے، پاکستان تحریک انصاف کا مطالبہ تھا کہ ہمیں خان صاحب سے ملنے دیا جائے اور خان صاحب کو عدالتی فیصلے کے تحت ہسپتال لایا جائے علاج معالجے کے لیے، کون پہل کرے؟ پی ٹی آئی پہلے کال آف کرے، حکومت پہلے مطالبہ مانے، میں نے کہا یہ آپ فریقین کی باتیں ہیں، اگر میں نے آپ دونوں کے درمیان کردار ادا کرنا ہے تو آپ مجھے اصولی طور پر بتائیں کہ آپ یہ مطالبات دو طرفہ ہیں میں نے کہا، قبول کرنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں اگر آپ تیار ہیں تو پھر آپ پہلے اور بعد کی بات نہ کریں پھر وہ ہم کریں گے کہ ہم کس ترتیب کے ساتھ معاملے کو حل کر سکتے ہیں اور آپ ہمیں تسلیم کر لیں کہ ہم ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
تو کچھ چیزیں ثالث کے حوالے کر دی جاتی ہیں اور وہ دونوں کے لئے ایک با عزت راستہ بن جاتا ہے، چنانچہ کھانے کے اوپر تفصیلی گفتگو ہوئی، تو میں نے ان سے یہ کہا کہ میں پہلے پی ٹی آئی سے بات کر لوں کیونکہ اس کے تحریک کی جو قیادت ہے وہ صوبائی وزیراعلی کر رہے ہیں، ان سے میری بات نہیں ہوئی تو ان کو بھی میں بیچ میں لاؤں تاکہ اجتماعی طور پر چاہے صوبائی قیادت ہے یا مرکزی قیادت ہے ان کے اتفاق رائے ہی سے بات ہو جائے، چنانچہ میں نے کانفرنس کال پہ سہیل آفریدی صاحب، بیرسٹر گوھر صاحب، شہرام خان، اسد قیصر صاحب، ان کے ساتھ بات کی اور میں نے ان سے کہا کہ یہ پہلے آپ اور پہلے آپ والی بات چھوڑیں آپ مجھے اصولی طور پر بتا دیں کہ آپ لانگ مارچ ختم کرنے کے لئے آمادہ ہیں یا نہیں، تو انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم ہوتے ہیں تو ہم لانگ مارچ ختم کرنے کے لئے آمادہ ہیں، میں نے پھر ان حضرات سے رابطہ کیا گزشتہ رات کو پرائم منسٹر صاحب چونکہ جلدی سو جاتے ہیں اور صبح جلدی اٹھتے ہیں تو میں نے نماز کے وقت ان سے رابطہ کیا، آج صبح نماز کے وقت میں نے ان سے رابطہ کیا اور میں چھ بجے ان کے پاس چلا گیا اور اسحاق ڈار صاحب کو بھی بلایا تھا انہوں نے اور میں نے ان سے کہا کہ اب اگر وہ اصولی طور پر تیار ہیں اس بات کے لئے کہ وہ لانگ مارچ ختم کریں تو آپ بھی اب میرے ساتھ یہ طے کر لیں کہ ان کے ملاقات بھی ہوگی اور عمران خان کی علاج کے لیے بھی ان کو لایا جائے گا، پھر اس کے بعد ترتیب ہم پہ چھوڑیں آپ دونوں ایک دوسرے پہ نہ چھوڑیں ہم دونوں سے ایمپلیمنٹ کروائیں گے۔ تو اس پر انہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے اور یہ بھی بتایا کہ آج کیبنیٹ کا اجلاس ہے اور اس سے پہلے ہم کچھ نتیجے پر پہنچ جائیں گے، یہ تجویز بھی آئی کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم صبح کی بجائے کابینہ کا اجلاس شام کو کر لیں، یہ بھی انہوں نے مجھے آپشن دیا، میں واپس آیا میں نے اس صورتحال سے پی ٹی آئی کی قیادت کو بھی آگاہ کر دیا اور میں نے یہ بھی کہا کہ میں پشاور بھی جاؤں گا یہ میں نے وزیراعظم کو بتایا تاکہ وہاں صوبائی ٹیم جو ہے ان کی جو لانگ مارچ کی قیادت کر رہی ہے ان کو بھی ہم آن بورڈ لے لیں اور پھر واپس آ کر دو آدمی دو نمائندے مسلم لیگ کے یا حکومت کے اور دو نمائندے پی ٹی آئی کے وہ میں اپنی موجودگی میں بٹھاؤں گا اور اس کی شراکت کے ساتھ یہ سب چیزیں جو ہیں ہم آناؤنس کریں گے بیک وقت، اس کے بعد ترتیب دے دیں گے کہ کس طریقے سے ہم ان کو ایمپلیمنٹ کرنا ہے۔ انہوں نے میرے ساتھ یہ بات بھی مان لی تھی، میں واپس آیا چونکہ رات بھی ہم آرام نہیں کر سکے تھے تو میں ذرا لیٹ گیا، مجھے ساڑھے نو بجے پرائم منسٹر صاحب نے اٹھایا ساڑھے نو بجے اور کہا کہ وہ جو کچھ بھی آپ نے تجاویز دی ہیں اور جو معاملات آپ نے آج صبح تک مجھے بتائے ہیں وہ ساری میں ابھی کیبنیٹ کے ساتھ پیش کر رہا ہوں تاکہ اس سے منظوری لی جائے، میں نے اس کو مثبت لیا کہ وہ کابینہ میں یہ تشویش نہیں پیدا کرنا چاہتے کہ اجلاس کیوں ملتوی ہو گیا، اجلاس کیوں ختم ہو گیا، تو وہ جو کچھ بھی اب تک ہو چکا ہے وہ ان کے سامنے میں رکھ لیں گے اور مجھے ایک اچھا جواب ملے گا، لیکن ساڑھے دس بجے اسحاق ڈار صاحب کا فون آیا اور کہا کہ کابینہ کا سنس یہ بن رہا ہے کہ گورنر راج نافذ کیا جائے، ایمرجنسی لگائی جائے، تو میں نے ان سے یہ کہا کہ کس بنیاد پر گورنر راج یا ایمرجنسی خیبرپختونخوا میں کس بنیاد پر وجہ بتائے؟ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف وہ کام نہیں کر رہے، تو میں نے کہا کیا دہشت گردی کے حوالے سے بلوچستان حکومت ناکام نہیں ہے، اگر اسی بنیاد پر آپ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا چاہتے ہیں یا ایمرجنسی تو کیا یہی حالات بلوچستان میں نہیں ہیں؟ وہاں پر اس کی ضرورت کیوں نہیں ہے؟ اور یہاں اس کی ضرورت کیوں ہے؟ اور اگر بات یہ ہے کہ بلوچستان کا وزیراعلیٰ یا وہاں کی حکومت آپ کے ہاں میں ہاں ملا رہی ہے اور آپ کے بیانیے کے ساتھ ان کا بیانیہ شریک ہے اور خیبر پختونخوا کا حکومت کا بیانیہ آپ کے بیانیے کے ساتھ مطابقت نہیں کھا رہی، تو میں نے کہا آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ جب جنرل مشرف عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف امریکہ کا اتحادی بن رہا تھا تو مسلم لیگ ن، جمعیۃ علماء اسلام اور تحریک انصاف تینوں کا موقف قریب تر تھا اور ہم نے جنرل مشرف کے رائے سے اختلاف کیا تھا، اس وقت بھی تو وفاق کا بیانیہ دہشت گردی کے خلاف تھا آپ نے بھی مخالفت کی تھی، تحریک انصاف نے بھی مخالفت کی تھی اور ہم نے بھی کی تھی ذرا آپ اس موقف کو بھی سامنے لائیں، کیا یہ آپ کے ہمارے سیاسی تاریخ نہیں ہیں؟
اس کے بعد ہمیں جیل میں ڈالا گیا، ہمارے ساتھی شہید ہوئے، میں پانچ چھ مہینے جیل میں رہا، قاضی حسین احمد مرحوم جیل میں رہے اور اس کے بعد الیکشن ہوئے ہم نے دو ہزار دو میں صوبہ خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی، پانچ سال تک ان کے اور ہمارے بیانیے میں فرق رہا، لیکن ایسی صورتحال تو کہیں نہیں آئی کہ آپ صوبے اور مرکز کو لڑا دیں آپس میں، ہم اختلاف بھی کرتے تھے لیکن ایسی حد تک نہیں جا رہے تھے کہ وفاق اور صوبہ ایک دوسرے کے سامنے آ جائیں، تو آج آپ کیوں اس حد تک جا رہے ہیں اور پھر اونچ نیچ ہو جاتی ہے، اختلاف میں کبھی کوئی ایک اعتدال سے آگے چلا جاتا ہے کوئی دوسرے آگے چلا جاتا ہے لیکن جب آپ نے مجھے موقع دیا کہ میں کردار ادا کروں تو وہ اسی لئے ہوتا ہے کہ اگر طرفین سے کوئی اونچ نیچ ہو جائے تو اس کو واپس اعتدال پہ لانا اور معمول کی صورتحال پہ لا کر معاملے کو طے کرنا ہوتا ہے، دشمنیاں بھی تو اسی طرح ختم ہوتی ہیں کہ ثالث بیچ میں آتا ہے ایک طرف بھی قتل ہوتے ہیں دوسرے طرف بھی قتل ہوتے ہیں ایک طرف بھی مال کا تاوان ہوتا ہے دوسرے طرف بھی مال کا تاوان ہوتا ہے، جان کا تاوان ہوتا ہے، اس حد تک جانے کے باوجود وہ ایک جرگہ میں بیٹھ جاتے ہیں اس کو حوالے کر دیتے ہیں اور معاملات کو دوبارہ، پھر جب صلح بھی ہو جائے تب بھی تعلقات دوستی میں بدلنے میں وقت لگتا ہے۔

تو ظاہر ہے یہ انسانی فطرت ہے اسی کے مطابق معاملات چلتے ہیں یہ میں نے ساری بات اس لئے بتائی کہ میں گواہ ہوں اس بات کا کہ حکومت نے بات ماننے کے باوجود اس سے بیک آؤٹ کیا ہے، اس سے پیچھے کیوں گئی ہے؟ کمٹمنٹ کیوں توڑی ہے انہوں نے؟ اور اب کہیں گے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے پیچھے چھپنا اس کا کوئی جواز موجود نہیں ہے اور عجیب بات ہے یہ تیسری مرتبہ ہے یا چوتھی مرتبہ ہے کہ پیپلز پارٹی جو جمہوریت کی علم بردار اور جمہوریت کو اپنا شناخت سمجھتی ہے، جب بھی کسی صوبے کے حکومت پر شب خون ماری ہے، جب بھی انہوں نے ایمرجنسی لگائی ہے تو پیپلز پارٹی کی حکومت میں اور آصف علی زرداری کے ہوتے ہوئے لگی ہیں، وہ اپنی جمہوریت کی نفی کر رہے ہیں، انہوں نے جمہوریت کی نفی کی ہے، انہوں نے آئین کو دفن کیا ہے، انہوں نے انسانی حقوق کو دفن کیا ہے اور قربانیوں کا جہاں تک تعلق ہے میں ایک سیاسی جماعت بلکہ مذہبی جماعت بھی ہیں اور نائن الیون کے بعد سے لے کر آج تک جس طرح ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ملک کے سیاسی نظام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، پارلیمانی سیاست کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ بھی بتا دوں کہ یہ تمام مکاتب فکر اور وفاق المدارس العربیہ کے علماء کرام کے فتوے اور ان کی رائے کی پیروی کرتے ہوئے پھر بھی حالات خراب کیے جاتے ہیں، میں پھر ایک بات دہرانا چاہتا ہوں کہ جنرل مشرف سے لے کر آج کے آرمی چیف تک تمام ادوار میں اگر ملکی حالات خراب ہوئے ہیں، دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناکامی ہوئی ہیں، بار بار کے آپریشنز کے باوجود کوئی نتیجہ نہیں نکلا تو ان کی ناکامی ہے، ان کی سوچ کی ناکامی ہے، ان کی حکمت عملی کی ناکامی ہے، اور ان کے فلسفے کی ناکامی ہے آج مجھے کہا جا رہا ہے کہ میرے آپریشنز کی حمایت کرو ہم ٹھیک کر رہے ہیں، ہمیں ایک لمحے کے لیے بھی تردد نہیں، لیکن دو ہزار دس سے لے کر اب تک کے آپریشنز کا نتیجہ تو بتائیں، جب ہم یہاں پر آزادی مارچ کر رہے تھے تو نہ بی ایل اے تھا نہ ٹی ٹی پی تھا، پورے ملک سے دور دراز کے بلوچستان کے علاقوں سے قافلے آ رہے تھے، بدین سے قافلے آ رہے تھے، گلگت سے اور کوہستان سے قافلے آ رہے تھے، چترال سے قافلے آ رہے تھے، حالات ٹھیک ٹھاک تھے، آج آپ ڈیرہ اسماعیل خان میں نہیں پھر سکتے، پولیس تھانے کے اندر نہیں رہتی، تھانے رات کو خالی ہو جاتے ہیں اور تھانے کی پولیس کے لوگ محلے کے گھروں میں رات گزارتے ہیں، اس میں صرف ہم دہشت گرد کو زیر بحث لائیں گے اور تمہاری ناکامیوں کو زیر بحث نہیں لائیں گے، تمہاری غلط حکمت عملیوں کو پر بحث نہیں کریں گے، ہم لوگ اگر ہم نے ایمرجنسی لگانی ہے تو پھر وفاق میں لگاؤ، یہ بھی ناجائز حکومت ہے، یہ بھی دھاندلی کی پیداوار ہے، یہ بھی اسٹیبلشمنٹ کی عمل درامد کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے، یہ بھی دہشت گردی کے خلاف ناکام ہے، ناکام ہونا اس کا تو کوئی حساب نہیں، لیکن بیانیہ میرے مطابق بناؤ، اس پر ملک کو تباہ کرو، صوبے کو تباہ کرو، آئین کو تباہ کرو، سب کچھ دفن کر دو، یہ کون سی عقل کی بات ہے؟
ان گزشتہ کئی سالوں میں جو شہداء ہیں ڈھائی سو تک میں نے اکابر علماء اکرام اور کارکنوں تک کی قربانیاں دی ہیں یہ کس وجہ سے؟ میرے ایک جلسے میں، میں نوے لاشیں اٹھا رہا ہوں یہ کس بنیاد پر؟ اگر ہمارے ادارے کہتے ہیں کہ ہم جنگ لڑ رہے ہیں بالکل ٹھیک ہے لیکن کیا ہم اس ملک کے لئے اور ملک کی آئین کے لئے قربانیاں نہیں دے رہے؟ لیکن ہم اسلحہ نہیں اٹھا رہے، ہم دلیل کی بات کرتے ہیں، سلیقے سے ہم اپنی سیاسی کردار کی بات کرتے ہیں اور اس کی بھی ہم سزا پا رہے ہیں، کوئی بھی آدمی غیر مسلح آدمی کے ساتھ نہیں لڑتا، مسلح آدمی بھی سوچتا ہے کہ یہ غیر مسلح ہے تو میں نے ان کے ساتھ نہیں لڑنا، بوڑھا آدمی اسلحہ نہیں اٹھا سکتا اس کو نہیں مارنا، عورت اسلحہ نہیں اٹھا سکتی اس کو نہیں مارنا، بچہ اسلحہ نہیں اٹھا سکتا اس کو نہیں مارنا، ہم نے تو صرف اختلاف رائے کی نتیجے میں یہ قربانیاں دیئے ہیں۔
تو اس حوالے سے میں نے ساری صورتحال آپ کے سامنے رکھ دی ہے ہم اس فیصلے کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں اور عوام کا فورم، پارلیمنٹ کا فورم اور عدالت کا فورم ہم اس کے خلاف استعمال کرنے کی طرف جائیں گے اور جماعتی سطح پر اس کے لئے ہم حکمتی عملی بنائیں گے۔
وَأٰخِرُ دَعْوَانَا أَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۔

سوال و جواب

صحافی: مولانا صاحب یہ بتائیے کہ آپ نے چار تاریخیں گنوا دی، 1974 میں جب ذوالفقار علی بھٹو نے بلوچستان میں جب گورنر راج لگایا تھا تو مفتی محمود رحمہ اللہ اپنے وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہوگئے، آج اس کے بیٹے کے صوبے میں گورنر راج لگایا گیا ہے وہ کیا کریں گے، اور کیا وہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دے سکتے ہیں؟ بیرسٹر گوہر پہلے بیان دے چکے ہیں۔
مولانا صاحب: بلوچستان میں حکومت کو نہیں اڑایا گیا، ہمارے صوبے کے گورنر ارباب سکندر خلیل کو راتوں رات برطرف کر دیا گیا اور اسلم خٹک مرحوم ان کو گورنر بنا دیا گیا جو کہ ہمارا اسپیکر تھا اس وقت، یہ شب خون اس وقت بھی ہمارے صوبے میں مارا گیا تھا، پھر اس کے بعد مفتی محمود رحمہ اللہ کو وزیر اعلیٰ رہنے کا کیا جواز رہ گیا تھا، انہوں نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا تھا، میں ان پرانی باتوں کو نہیں دہرانا چاہتا، اور اب جو لوگ اپنے ساتھ اپنے اعمال لے گئے ہیں ذوالفقار علی بھٹو اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں، تو وہ تاریخ کے حوالے کچھ چیزیں ہم تاریخ کے حوالے کرتے ہیں۔ لیکن آج کی صورتحال جو زندہ ہیں ہمارے اوپر، جمہوریت جمہوریت جمہوریت کے علاوہ کوئی بات نہیں ہے ان کی اور آج تیسری مرتبہ ایک صوبہ میں انہوں نے گورنر راج نافذ کر دیا ہے، جمہوریت ختم کر دی، یہ جمہوریت کے نام پر جمہوریت کے قاتل ہیں اور ان کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ جمہوریت کا نام لے، اس گورنمنٹ کا کوئی حق نہیں پہنچتا، نہ ہی یہ جمہوری حکومت ہے نہ ہی جمہوریت کے راستے سے آئی ہے، نہ ان کو جمہوریت کی روایات اور ان کے جو اقدار ہیں ان کا ان سے کوئی واسطہ ہے۔

صحافی: مولانا صاحب یہ بتائیے کہ پالیسی سازوں کا آپ کیا سمجھتے ہیں کہ کیا ارادے ہیں؟ کیا مستقبل میں کوئی بڑا سیاسی ایک تبدیلی یا بحران، آپ کو کیا لگتا ہے؟
مولانا صاحب: دیکھیں! جہاں تک ان کی ارادوں کا تعلق ہے تو آپ ان سے پوچھ سکتے ہیں، لیکن جو میں نے ان کی ارادے دیکھے ہیں آج صبح چھ بجے سے لے کر دس بجے تک، اس سے آپ اندازہ لگائیں کہ کیا ارادے ہیں؟

صحافی: مولانا صاحب یہ فرمائیے گا کہ آپ عوام میں جانے کی جو بات کی تو اس کی کیا؟
مولانا صاحب: ہم پارٹی کی سطح پر باقاعدہ اس کے لیے پوری حکمت عملی بنائیں گے اور اس کا پورا پروگرام بنائیں گے۔

صحافی: مولانا صاحب! یقیناً صوبے میں وفاقی حکومت یا وفاقی ادارے آپ منشن کر رہے ہیں وہ ناکام ہیں، لیکن آپ کے خیال میں صوبائی حکومت کی کمزوریاں یا کوتاہیاں نہیں ہیں، ان کی کارکردگی سے، یا دہشت گردی کے خلاف ان کی پرفامنس سے آپ مطمئن ہیں؟
مولانا صاحب: میں نے اسی پر بات کی ہے کہ اگر پرفارمنسں کی بنیاد پر صوبہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی ضرورت ہے تو کیا بلوچستان حکومت کی پرفارمنسں ٹھیک ہے؟ کیا وہاں صوبہ خیبر پختونخوا سے زیادہ حالات خراب نہیں ہے؟ کیا وہاں کی حکومت ناکام نہیں ہے؟

صحافی: وہ تعاون کر رہے ہیں نا
مولانا صاحب: تعاون کا کیا مطلب، ناکام تو ہے، بات تو دہشت گردی کے خلاف ناکامی کی ہے، اگر وہ ناکام ہے تو وہ بھی ناکام ہے، لیکن اگر تعاون کر رہا ہے تو ہم سیاسی معاملات میں اختلاف کے باوجود سولہ سال سے آپریشنوں کے تجربات پر تحفظات کے باوجود ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم مسلح جنگ کی مخالفت کر رہے ہیں اور اس کی سزا بھی پا رہے ہیں، اور شہداء بھی دے رہے ہیں۔ تو اس بنیاد پر پھر آپ ان پارٹیوں کو ذبح کر دیں کہ آپ سے اختلاف کیوں کر رہے ہیں، یہ امریت ہے۔

صحافی: مولانا صاحب یہ بتائیے گا کہ آپ نے دونوں صوبوں کا کمپیرزن کیا، وفاقی حکومت یہ کہتی ہے کہ فتنہ الخوارج جو ریاستی موقف ہے یا وفاقی حکومت کا وہ موقف ہے کے پی کے کی حکومت جو تھی سابقہ، وہ تو اس کو یہ کہتی نہیں ہے وہ ہمارے شہداء جو ہوتے ہیں ان کے جنازوں میں نہیں جاتے، جب کہ جو بلوچستان گورنمنٹ ہے وہ تو تعاون کر رہی ہے، ظاہر ہے مسائل وہاں پہ بھی ہیں، انسیجنسی وہاں پہ بھی ہے لیکن وہ تعاون کر رہی ہے، آپ کا موقف سامنے آگیا دوسرا یہ بتائیے گا جس احتجاج کی آپ نے بات کی ہے تو کیا آپ پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر احتجاج کر رہے ہیں یا آپ اپنے طور پر؟
مولانا صاحب: ان سب کی امکانات موجود ہیں ہم الگ کریں یا ان کے ساتھ کریں یہ امکانات موجود ہیں جب پارٹی کے ساتھ مشورہ کریں گے تو اس کے مطابق ہم حکمت عملی واضح کریں گے۔

صحافی: مولانا صاحب آپ نے یہ واضح کیا ہے کہ ایوان میں ہم مل کر چلیں گے تحریک انصاف کے ساتھ، جنید اکبر صاحب نے واضح کیا ہے کہ گورنر راج لگتا ہے یا ایسی صورت حال بنتی ہے تو ہم اسمبلیوں سے استعفے دیں گے، تو کیا آپ کی جماعت بھی؟
مولانا صاحب: جب ان کی تجویز سامنے آئے گی، ہم بیٹھیں گے، تو یہ ساری چیزیں جو ہے اس پر بحث ہو سکتی ہے۔

صحافی: بعض ذرائع سے یہ خبریں آرہی ہیں کہ ہماری مذاکرات ابھی بھی جاری ہیں اگر ہمارے ہاں کچھ کو کچھ دو کی بنیاد پر ہم گورنر راج ہٹا بھی سکتے ہیں، اس سلسلے میں آپ کیا کہیں گے؟
مولانا صاحب: میرے خیال میں یہ اپنے آپ کو طفل تسلیاں دینے والی بات ہے ان کے عزائم اور ارادے سامنے آ چکے ہیں اب تو کوئی چیز واقعے کی صورت میں سامنے آئے تو بات ہو سکتی ہے اگر اور اگر اور اگر بھی تو کوئی فیصلہ نہیں ہو سکتا ہے۔

صحافی: اس دن پریس کانفرنس میں آپ نے کہا تھا کہ صرف سیاست دان مذاکرات کریں تو یہ کامیاب ہو سکتے ہیں آپ کو لگتا ہے کہ یہ سیاست دانوں کے ہاتھ میں یہ مذاکرات نہیں تھے جس کی وجہ سے یہ سب پازیٹیو چیزیں جاتے جاتے رہے گئی؟
مولانا صاحب: اچھا ہوتا کہ اگر یہ سوال آپ شہباز شریف سے کرتے کہ آپ اپنے فیصلے خود کر رہے ہیں یا کوئی آپ کو پیچھے سے لا رہا ہے۔

صحافی: مولانا صاحب! آپ نے بہت ساری تفصیلات بتا دی ہیں، ہم دیکھتے رہے رات کو بھی اور دن کو بھی آپ مذاکرات کرتے رہے، آپ کو کیا لگا بے بسی کیوں ہے؟ حکومت بے بس تھی یا حکومت چاہتی تھی ایسا ہو؟
مولانا صاحب: یہ چیزیں کچھ معلوم بھی ہیں اور جو بھی نامعلوم ہے وہ سب ہم کو معلوم بھی ہے، سب کو معلوم ہے، لیکن کچھ چیزیں جو ہیں وہ ذرا آنے والے مستقبل کیلئے چھوڑ دیں یہ ساری چیزیں ہمارے مد نظر ہیں ہم بھی جانتے ہیں، کوئی اتنے ناواقف نہیں ہیں کہ فیصلے کہاں ہوتے ہیں۔

صحافی: اچھا مولانا صاحب یہ بتائیے کہ ہم نے یہ دیکھا کہ میں نا مانوں والی رٹ بھی سامنے آتی ہے، کیا سیاستدانوں کو جیسے آپ نے کیا کہ سیاست میں میانہ روی بھی ہوتی ہے، وضع داری بھی ہوتی ہے، ہم نے دیکھا کہ جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی تو بانی نے اپوزیشن کو کبھی کہیں کہ منہ نہیں لگایا، بات نہیں سنی، تو کیا آپ سمجھتے کہ وہی انا اور ضد ان کی پارٹی بھی لے کے چل رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اتنے مسائل ہوئے لیکن بیٹھے نہیں، پھر آکے آخر میں آپ کی منت سماجت کرتے ہیں کیا کہتے ہیں؟
مولانا صاحب: دیکھیں! ہمارے درمیان رابطے بھی ہیں، لیکن مل کر کام کرنے کے حدود بھی ہیں، ہم نے پارلیمنٹ کے اندر تک جائنٹ اپوزیشن کی بات طے کی ہے، باہر ہمارے رابطے بھی ہو رہے ہیں اور جو ملک کو ضرورت ہوتی ہے ہم ایک دوسرے کو سنتے بھی ہیں اور ایک دوسرے کے کام آنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔

صحافی: یہ بتائیں کہ سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلی صوبائی حکومت کی کارکردگی سے آپ لوگ مطمئن ہیں؟
مولانا صاحب: یہ تو جہاں تک کارکردگی کا تعلق ہے کارکردگی پر تو کوئی بھی حکومت ہو وہ کبھی آئیڈیل نہیں ہوتی، کبھی ایکسیپٹیبل ہوتی ہے، آئیڈیل تو کوئی بھی نہیں ہوتی ہے۔ یہ سوال جو ہے اس وقت زیر بحث نہیں ہے، اگر کارکردگی کی بات ہے تو پھر آپ سہیل افریدی کی بات کیوں کرتے ہیں، شہباز شریف کی بات کیوں نہیں کرتے خود۔

صحافی: کیا مذاکرات کا چیپٹر کلوز یا ابھی بھی دروازے کھلے ہیں؟
مولانا صاحب: دیکھیں! ہم تو سیاسی لوگ ہیں، مذاکرات پر یقین بھی رکھتے ہیں اور مسئلہ کا سیاسی حل پر بھی یقین رکھتے ہیں اور اسی بنیاد پر ہم نے ایک کردار ادا کیا، جو بھی راستہ بند ہوا ہے یا راستہ کاٹا گیا ہے وہ حکومت کی طرف سے کاٹا گیا ہے، اب تو ان کو دیکھیں گے کہ وہ کچھ مزید بات کے لیے کوئی گنجائش رکھتے ہیں یا نہیں رکھتے۔ میں تو اپنی رائے پرسوں بھی آپ نے سامنے دے چکا تھا بہار حکومت نے کوئی گنجائش چھوڑی نہیں ہے لیکن جب ان کے لوگ آئے اگلے روز تو ہم نے کہا ٹھیک ہے۔

صحافی: مولانا صاحب! بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس میں جو ریاستی ادارے ان کی منشاء بھی شامل تھی گورنر راج میں، تو اپ کے جو پرانے ساتھی دوست ہیں اصف علی زرداری صاحب، انہوں نے بھی اس کی توثیق کی گورنر راج کو، تو اب کیا سمجھتے ہیں کہ وہ جمہوریت سے زیادہ اس وقت اپنے بچوں کی سیاست بچا رہے ہیں، بلاول مستقبل میں وزیراعظم بن جائے، مریم وزیراعظم بن جائے، اس وقت جمہوریت سے زیادہ کیا وہ کوشش ہو رہی ہے؟
مولانا صاحب: میرے خیال میں ائین کا تقاضہ یہ ہے کہ صدر مملکت سمری کے اوپر جب دستخط کرتا ہے تو وہ اپنا ذہن واضح کرتا ہے لکھ کر کہ میں مطمئن ہوں، انہوں نے جو سمری کے اوپر دستخط کیے ہیں اس عبارت میں، میں مطمئن ہوں یہ لفظ نہیں ہے جبکہ یہ ائین کا تقاضہ ہے تو بغیر اطمینان کے دستخط کیوں کیے؟
بہت شکریہ جی بہت شکریہ
ضبط تحریر: #سہیل_سہراب
‎ممبر ٹیم جے یو آئی سوات، ممبر مرکزی کونٹنٹ جنریٹرز رائٹرز
‎#teamJUIswat

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

اگلی خبر مولانا فضل الرحمٰن مدظلہ کا ملتان میں عظیم... پچھلی خبر مولانا فضل الرحمن، علامہ راجہ ناصر عباس، اسد...